راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستانی بلے بازوں کی پر اعتماد بیٹنگ، آسٹریلوی باؤلرز بے بس

Published On 05 March,2022 10:32 am

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستانی بلے بازوں کی آسٹریلیا کے خلاف شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری ہے۔ گرین کیپس نے تین وکٹوں کے نقصان پر 424 رنز بنا لیے ہیں۔

 راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیل کے دوسرے روز پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 245 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر کیا۔ پاکستانی بیٹرز امام الحق اور اظہر علی دوسرے روز کے پہلے سیشن میں بھی آسٹریلوی بولرز پر حاوی نظر آئے اور اسی دوران امام الحق نے 150 رنز مکمل کیے۔

 کھانے کے وقفے کے بعد کھیل کا دوبارہ آغاز ہوا تو اظہر علی نے بھی 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 19 ویں سنچری مکمل کی۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 313 رنز پر گری جب امام الحق 157 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز بابر اعظم تھے، جو صرف 36 رنز بنا سکے۔ اظہر علی 182 اور محمد رضوان 3 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

 دوسرے روز کھیل کے آغاز سے قبل گزشتہ روز انتقال کرنے والے لیجنڈ لیگ اسپنر شین وارن کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ آسٹریلین لیجنڈ شین وارن اور پشاور دھماکے کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے سیاہ پٹیاں باندھ کر شین وارن کو خراج عقیدت پیش کیا اور پشاور دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لیے دعا کی۔

خیال رہے راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنائے تھے اور ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔ قومی ٹیم کی پہلی وکٹ عبداللہ شفیق کی گری جو 44 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہیں نتھن لائن نے پویلین کی راہ دکھائی۔

پنڈی ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان پیٹر کمنز، عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، مارنس لامبوشین، سٹیون سمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، الیکس کیری، مچل سٹارک، ناتھن لائن اور جوش ہیزل وڈ شامل ہیں۔

 

 

Advertisement