کوہلی کی خراب فارم پر دعا ہی کرسکتا ہوں: محمد رضوان

Published On 13 May,2022 08:40 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کی خراب فارم پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں صرف ان کیلئے دعا ہی کر سکتا ہوں۔ ویرات کوہلی اس وقت اپنے کیریئر کی بدترین فارم میں ہیں۔

اپنے انٹرویو کے دوران محمد رضوان نے کہا کہ میں یہ کہوں گا کہ ویرات کوہلی ایک چیمپئن کھلاڑی ہیں لیکن اس وقت ہم ان کیلئے دعا ہی کرسکتے ہیں کیونکہ وہ ایک محنتی کھلاڑی ہیں۔ ان کے برے وقت پر محمد رضوان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت آتے ہیں اور چیزیں آسان بھی ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی سنچری سکور کرتا ہے اور پھر مسلسل صفر پر بھی آؤٹ ہوتا ہے ، یہ سب اسی طرح چلتا رہتا ہے۔

رضوان کے مطابق میں ان کے لیے صرف دعا ہی کرسکتا ہوں اور پْرامید ہوں کہ وہ اپنی محنت کے ذریعے ان تمام چیزوں پر قابو پالیں گے ۔ خیال رہے کہ ویرات کوہلی نے اپنے 15 سالہ کیریئر میں پہلی بار آئی پی ایل کے ایک ہی سیزن میں 3 مرتبہ گولڈن ڈکس (پہلی گیند پر صفر پر آؤٹ) لیے۔
 

Advertisement