زلمی مدرسہ لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا اعلان

Published On 02 June,2022 10:00 pm

پشاور:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی نے زلمی مدرسہ لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا اعلان کردیا ہے۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کی جانب سے کہا گیا کہ زلمی مدرسہ لیگ کا چوتھا ایڈیشن 6 سے 8 جون تک آزاد کشمیر میں منعقد ہوگا، ایونٹ کے انعقاد کا مقصد مدارس کے طلبا کو کھیلوں میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینے کی کوششوں کے سلسلے کی ایک اور کڑی ہے، اس ایونٹ کے ذریعے مذہبی ہم آہنگی اور امن کا پیغام بھی پوری دنیا میں جائے گا۔

ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شریک ہوگی، ان میں یوسی اسٹرائکرز، این سی ماوریک، کشمیر ٹائیگرز، ایچ بی ٹائٹنز، کوٹلی یونائیٹڈ، مظفر آباد تھنڈر، سی بی پیٹریاٹس اور سی ڈی چیلنجر شامل ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پشاور، میران شاہ اور کوئٹہ میں زلمی مدرسہ لیگ کے تین ایڈیشن منعقد کیے جا چکے ہیں۔

 

Advertisement