ون ڈے رینکنگ: بابر کی بادشاہت برقرار، امام نے کوہلی سے دوسری پوزیشن چھین لی

Published On 15 June,2022 03:33 pm

لاہور : (ویب ڈیسک) ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے بلے بازوں کی حکمرانی برقرار ہے، کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابراعظم اور امام الحق کی جوڑی نے عالمی رینکنگ کی پہلی دو پوزیشن پر قبضہ جما لیا، فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی ایک بار پھر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔

ویسٹ انڈیز کیخلاف شاندار کارکردگی کے باعث قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی ون ڈے رینکنگ بہتر سے بہتر ہونے لگی، آئی سی سی او ڈی آئی رینکنگ میں کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابراعظم بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

اوپنر بلے باز امام الحق نے سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے دوسری پوزیشن چھین لی، امام الحق ویسٹ انڈیز کیخلاف تین میچوں میں 199 رنز بنا کر پلئیر آف دی سیریز قرار پائے تھے، آئی سی سی رینکنگ میں امام الحق 815 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

آئی سی سی ون ڈے باؤلرز رینکنگ میں شاہین آفریدی نے 2 درجہ ترقی حاصل کی ہے، شاہین آفریدی او ڈی آئی باؤلرز رینکنگ میں چھٹے سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، شاہین آفریدی نے ویسٹ انڈیز کیخلاف نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے بلے بازوں کو ٹف ٹائم دیا تھا۔

آئی سی سی ون ڈے پلئیرز رینکنگ میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کی نوویں پوزیشن اور ڈیوڈ وارنر ایک درجہ تنزلی کے بعد دسواں نمبر آگئے ہیں، جبکہ ٹیسٹ فارمیٹ میں جوئے روٹ دنیا کے نمبر ون بلے بن گئے ہیں۔