دورہ سری لنکا، قومی ٹیم کا اعلان آئندہ ہفتے کیے جانے کا امکان

Published On 18 June,2022 09:14 am

لاہور: (دنیا نیوز) دورہ سری لنکا کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ راولپنڈی میں لگایا جائے گا، تربیتی کیمپ میں کھلاڑی 25 جون کو رپورٹ کریں گے جبکہ 26 جون سے ٹریننگ کا آغاز ہوگا، 8 روزہ تربیتی کیمپ 2 جولائی تک جاری رہے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان صرف 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، ون ڈے سیریز کو سری لنکن بورڈ کی درخواست پر ختم کیا گیا تھا، سری لنکا بورڈ نے لنکا پریمیئر لیگ کی وجہ سے ون ڈے سیریز ختم کرنے کا کہا تھا۔

قومی ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دئیے جانے کا بھی امکان ہے، اس حوالے سے چیف سلیکٹر اورقومی ٹیم کے کپتان اور کوچ کے درمیان مشاورت جاری ہے تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ کامران غلام کو اس سیریز میں ڈیبیو کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔

 

Advertisement