انگلش کرکٹ ٹیم ستمبر میں پاکستان پہنچے گی، دورہ کنفرم

Published On 20 June,2022 07:51 pm

لاہور:(دنیا نیوز) انگلینڈ کرکٹ ٹیم ستمبر کے دوسرے ہفتے پاکستان پہنچے گی اور دورہ کنفرم ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان کنفرم ہوگیا ہے، انگلش ٹیم ستمبر کے دوسرے ہفتے میں پاکستان پہنچے گی، دونوں ٹیموں کے مابین سیریز 15 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کھیلی جائے گی، سیریز کے لیے میچز لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کروانے پر غور کیا جارہا ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 ٹی 20 میچز کھیلے جانے ہیں، جس کے لئے پی سی بی اور انگلش بورڈ کے درمیان اتفاق ہوگیا ہے، دونوں بورڈز کے درمیان سیریز کے شیڈول پر بات چیت آخری مراحل میں پہنچ گئی ہے جبکہ سیریز کو کامیاب بنانے کے لیے ورکنگ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

 ابتدائی طور پر سیریز میں پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل شیڈول تھے لیکن انگلش کرکٹ بورڈ کے سابق چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن نے گزشتہ سال دورہ پاکستان کی منسوخی کے لیے مزید دو ٹی ٹونٹی میچز شامل کرنے کا اعلان کیا۔

انگلینڈ کی ٹیم اس سال کے آخر میں 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد دوبارہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔

پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ بورڈ جلد ہی انگلینڈ کے دورے کی حتمی تاریخوں کا اعلان کرے گا جس میں دیگر تفصیلات جیسے مقام، وقت اور ٹکٹوں کی قیمتوں کا تعین بھی کیا جائے گا۔ سیریز کے لیے میچز لاہور، کراچی ، راولپنڈی اور ملتان میں کروانے پرغور کیا جا رہا ہے۔

 

Advertisement