انگلش کپتان ایوئن مورگن کی ممکنہ ریٹائرمنٹ، معین علی کا جذباتی پیغام

Published On 27 June,2022 05:31 pm

لندن:(ویب ڈیسک) ساڑھے 7 سال تک انگلینڈ کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان رہنے والے ایوئن مورگن کی منگل کو ممکنہ ریٹائرمنٹ پر آل راؤنڈر معین علی نے جذباتی پیغام جاری کردیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے وائٹ بال کے کپتان مورگن نے نہ صرف کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ بین الاقوامی کرکٹ کو بھی خیر باد کہنے جارہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مورگن اپنی خراب فارم اور بیک ٹو بیک انجری کے باعث اپنے مستقبل کے حوالے سے دباؤ میں تھے۔

اطلاعات کے مطابق انگلینڈ کے ورلڈ کپ 2019 کے فاتح کپتان کے 28 جون کو کپتانی چھوڑنے اور بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان متوقع ہے۔

انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے برطانوی خبر رساں ادارے کے ٹیسٹ میچ سپیشل کو بتایا کہ کپتان یہ محسوس کرتے ہیں کہ انہوں نے کافی بین الاقوامی کرکٹ کھیل لی ہے، ان کے لئے ٹیم اب بھی سرفہرست ہے جو کہ یہ ثابت کرتی ہے کہ وہ کس حد تک اپنی ٹیم کے ساتھ مخلص ہیں، یقینی طور پر انہوں نے بہت عمدہ کام کیا اور وہ سب سے بہتر تھے۔

دریں اثنا رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مورگن کے نائب جوز بٹلر وائٹ بال کرکٹ میں کے اگلے کپتان ہوں گے۔

خیال رہے کہ مورگن کو 2014 میں کپتان مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے انگلینڈ کی وائٹ بال کرکٹ میں اہم کردار ادا کیا ہے، بائیں ہاتھ کے بلے باز نے انگلینڈ کو 2019 میں اپنا پہلا ورلڈ کپ ٹائٹل بھی جتوایا۔
 

Advertisement