ممبئی: (دنیا نیوز)بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ 2023 کے لئے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہ جے شاہ نے اعلان کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ 2023 کے لئے پاکستان نہیں آئے گی۔
بھارتی وزیرداخلہ امت شاہ کے بیٹے جے شاہ نے پاکستان سے ایشیا کپ کی میزبانی چھینتے ہوئے ایونٹ کو نیوٹرل مقام پر کھیلنے کا عندیہ دیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے ون ڈے فارمیٹ کے ایشیا کپ کی میزبانی اگلے برس ستمبر میں کرنی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایشین کرکٹ کونسل کے فورم کو نظر انداز کر دیا، بھارت سے تعلق رکھنے والے اے سی سی کے صدر نے خود فیصلے سنانے شروع کر دیئے ہیں، انہوں نے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کے بغیر ہی فیصلہ سُنایا۔
We ll have Asia Cup 2023 at a neutral venue. It s the govt which decides over the permission of our team visiting Pakistan so we won t comment on that but for the 2023 Asia Cup, it is decided that the tournament will be held at a neutral venue: BCCI Secretary Jay Shah
— ANI (@ANI) October 18, 2022
(File Pic) pic.twitter.com/mvWlqlsgei
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس فیصلے پر فی الحال اپنا مؤقف دینے سے انکار کردیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ اے سی سی کے فیصلے کا انتظار کرے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے سال 2008 میں آخری مرتبہ ایشیا کپ کے لئے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے بعد سے ممبئی حملوں کا الزام لگا کر بھارت اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کرتا رہا ہے۔