ٹی 20: محمد رضوان اور بابر اعظم کی نویں سنچری پارٹنرشپ

Published On 09 November,2022 03:45 pm

لاہور: (علی مصطفیٰ) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے سیمی فائنل میچ میں کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا، ٹی ٹونٹی میں دونوں اوپنرز نے نویں سنچری شراکت بنائی۔

ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کیخلاف دونوں بیٹرز نے 12 ویں اوورز میں سنچری شراکت داری بنائی۔ اس وقت بابر اعظم نے 52 اور رضوان 46سکور بنا چکے تھے۔ تاہم 105 سکور پر بابر اعظم کی اننگ کا خاتمہ ہو گیا، انہوں نے 42 گیندوں پر 53 رنز کی باری کھیلی۔

اس سے قبل بابر اعظم اور محمد رضوان کی محدود فارمیٹ میں سنچری شراکت داری کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو 13 اکتوبر 2022ء کو دونوں نے بنگلہ دیش کیخلاف تھری فیگر اننگز پارٹنر شپ بنائی، 2 نومبر 2021ء کو ابو ظہبی میں نمیبیا کیخلاف بابر اور رضوان نے 113 رنز کی پارٹنر شپ بنائی تھی۔

25 اپریل 2021ء کو زمبابوے کے خلاف سیریز کے دوران ہرارے میں ٹی ٹونٹی میچ کے دوران محمد رضوان اور بابر اعظم 126 سکور کی باری کھیلی۔

16 جولائی 2021ء کو انگلینڈ کے شہر نوٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں دونوں بیٹرز نے 150 رنز کی جارحانہ پارٹنر شپ بنائی تھی، اس کے بعد 24 اکتوبر 2021ء کو بھارت کیخلاف دبئی میں کھیلے جانے والے ورلڈکپ میچ میں کپتان اور وکٹ کیپر نے 152 سکور کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی تھی۔

16 دسمبر 2021ء کو کراچی میں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی میچ میں رضوان اور بابر اعظم نے 158 رنز کی شراکت داری بنائی، 14 اپریل 2021ء کو جنوبی افریقا کیخلاف سیریز سنچورین میں دونوں بیٹرز نے 197 رنز کی جارحانہ باری کھیلی۔

دونوں بیٹرز کے درمیان سب سے بڑی پارٹنر شپ انگلینڈ کے خلاف بنی، 22 ستمبر 2022ء کو کراچی میں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے 203 رنز کی ناٹ آؤٹ اور میچ وننگ باری کھیلی تھی۔

اس کے علاوہ بابر اعظم 16 ویں مرتبہ سنچری شراکت میں حصہ دار بنے ہیں، بابر نے رضوان کے ساتھ 9 مرتبہ، احمد شہزاد اور حسین طلعت کے ساتھ دو، دو جبکہ حیدر علی، حارث سہیل اور حفیظ کے ساتھ ایک ایک سنچری شراکت بنائی۔

بھارت کے روہت شرما نے کیرئیر میں 14 سنچریوں کی شراکت میں حصہ دار رہے۔ اس کے علاوہ بابر اور رضوان بطور پارٹرنز ڈھائی ہزار رنز بنانے والی پہلی جوڑی بن گئی ہے۔

Advertisement