ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارت کو 10 وکٹ سے شکست، فائنل میں پاکستان اور انگلینڈ کا ٹاکرا

Published On 10 November,2022 03:52 pm

ایڈیلیڈ: (ویب ڈیسک) ٹی20 ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کے خلاف بغیر کسی نقصان کے 169 رنز کا ہدف پورا کر کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے، ویرات کوہلی نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

دیگر کھلاڑیوں میں کپتان روہت شرما 27، کے ایل راہول 5، سوریہ کمار یادو 14 رنز بناکر پویلین لوٹے، میچ کے اختتامی لمحات میں ہاردک پانڈیا نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 4 چوکے کی مدد سے 63 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس جورڈن نے 3 جبکہ کرس ووکس اور عادل راشد نے ایک ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز نے بھارتی باؤلرز کا بھرکس نکال دیا، کپتان جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا۔

 

Advertisement