بھارت ہو یا انگلینڈ، ہماری نظریں فائنل پر جمی ہیں: بابر اعظم

Published On 09 November,2022 06:40 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد ہم لمحے کو انجوائے کر رہے ہیں، معلوم نہیں فائنل میں بھارت یا انگلینڈ کیساتھ سامنا ہو گا لیکن ہماری توجہ فائنل پر ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میچ جیتنے کے بعد بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے بہت اچھا کھیلا۔ شائقین کی بہت بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود تھی، جن کے مشکور ہیں، ایسا لگ رہا تھا جیسے ہم گھر پر کھیل رہے ہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے اچھی باؤلنگ کی، پھر شاداب خان اور محمد نواز نے زبردست باؤلنگ کی۔ رضوان اور میں نے فیصلہ کیا تھا کہ پہلے 6 اوورز میں جارحانہ کھیلنا ہے۔ بعد میں سب نے رنز کا اضافہ کیا۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ حارث نوجوان کھلاڑی ہیں اور اعتماد کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ ہم اس لمحے کو انجوائے کر رہے ہیں، ہمیں نہیں معلوم فائنل میں ہمارا سامنا کس ٹیم سے ہوگا۔ بھارت ہو یا انگلینڈ ہماری توجہ اب فائنل پر ہے۔

ولیمسن

دوسری طرف کیویز کپتان ولیمسن نے کہا ہے کہ پاکستان نے اچھی باؤلنگ کی تاہم اس دوران ڈیرل مِچل نے اچھا کھیلا۔ گرین شرٹس نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور وہ جیت کے مستحق ہیں۔ ہماری فیلڈنگ ٹھیک دی مگر بابر اعظم اور محمد رضوان نے ہم پر دباؤ ڈالا۔ ہمیں فیلڈنگ پر دھیان دینا چاہیے تھا۔

محمد رضوان :

مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے محمد رضوان نے کہا کہ میں نے اور بابر نے فیصلہ کیا کہ نئی گیند کے خلاف جارحانہ کھیلنا ہے اور پچ مشکل تھی۔ پاور پلے کے بعد ہم نے بات کی کہ ایک کو آخر تک میچ لے جانا ہوگا۔ ٹیم نے سخت محنت کی ہے اور ہمیں ہمیشہ سے خود پر یقین تھا۔

Advertisement