مہمان انگلش ٹیم کیلئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات

Published On 29 November,2022 01:47 pm

پنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے دورے پر آئی مہمان ٹیم انگلینڈ کیلئے خصوصی طور پر سخت سکیورٹی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مہمان ٹیم کی سکیورٹی کیلئے پولیس کے 3000 افسران واہلکاروں سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ مہمان ٹیم کی آمدورفت کے روٹ اور سٹیڈیم کے گردونواح میں چھتوں پرسنائپرز بھی تعینات ہیں۔ جبکہ ٹریفک کی نگرانی کیلئے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مہمان کرکٹرز کیلئے سکیورٹی ببل بنایا گیا ہے جس میں سے باہر جانے کی اجازت نہیں، انہیں ہوٹل میں ہی مختلف سرگرمیوں کا موقع دے دیا گیا، کھلاڑیوں کیلئے منی گالف کا انتظام بھی ہے۔ متعدد کھلاڑی اپنے ساتھ گیمز بھی ساتھ لائے ہیں۔ جن میں بین اسٹوکس ویڈیو گیمز، زیک کرولی اپنے ساتھ کارڈز گیم لائے ہیں۔

مہمان کھلاڑیوں کو باہر سے کچھ منگوانے کی اجازت نہیں جس کی وجہ سے کافی کے شوقین کیٹن جیننگزمشین ہمراہ لائے ہیں، ببل میں ہی پسندیدہ پکوان فراہم کرنے کی سہولت موجود ہے، اس مقصد کیلیے انگلش اسکواڈ کا اپنا خصوصی شیف بھی ساتھ موجود ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے سکیورٹی انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہمارا ہر لحاظ سے خیال رکھا جارہا ہے، سیکیورٹی پابندیوں کے باوجود اپنے قیام سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
 

Advertisement