پاک بھارت معاملے پر آئی سی سی سے مایوسی ہوئی : رمیز راجا

Published On 03 December,2022 12:39 am

لاہور : (ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) رمیز راجا نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) سے مایوسی ہوئی ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے رمیز راجا کا کہنا تھا کہ ایشیاء کپ کیلئے بھارت کے پاکستان نہ آنے پر ہم سے ایونٹ کی میزبانی لینا غلط ہوگا، آئی سی سی اور بڑے کرکٹ بورڈز کو اس معاملے پر سامنے آنا چاہیے ۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارت کا پاکستان نا آنا سکیورٹی کا مسئلہ نہیں ، تمام بین الاقوامی ٹیموں کو پاکستان میں صدارتی لیول کی سکیورٹی ملتی ہے، انٹرنیشنل دورے کے دوران 20 لاکھ ڈالرز کا خرچہ آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے بغیر 15 سال سے اچھا کھیل رہا ہے،شائقین پاک، بھارت کرکٹ مقابلے دیکھنا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کو سوچنا ہو گا کہ ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنا ہے یا نہیں ۔

رمیز راجا نے مزید کہا کہ ورلڈکپ 2023 نہ کھیلنے کا فیصلہ کرنے میں ابھی وقت ہے،سمجھ سکتا ہوں کہ بھارتی حکومت ٹیم کو ایشیاء کپ کیلئے دورہ پاکستان کی اجازت نہیں دے گی ، اگر پاکستانی حکومت نے ورلڈکپ کیلئے بھارت جانے سے روکا تو میں کچھ نہیں کرسکتا، بھارت نے ایشیاء کپ میں نہ آنے سے شروعات کی تو پاکستان کو جواب دینا ہوگا ۔
 

Advertisement