لاہور: ( ویب ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ون ڈے درجہ بندی میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی حکمرانی برقرار ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کی بھی ترقی ہوگئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور امام الحق بدستور بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں، جنوبی افریقا کے ریسی وینڈر ڈسن اور کوئنٹن ڈی کوک، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ بدستور بالترتیب تیسری سے چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔
انگلینڈ کے جونی بیئر سٹو دو درجے ترقی سے ساتویں پوزیشن پر آگئے جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی اور روہت شرما ایک ایک درجہ تنزلی سے بالترتیب آٹھویں اور نویں پوزیشن پر چلے گئے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کی دسویں پوزیشن برقرار ہے۔
باؤلرز کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ بدستور پہلی، آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ دوسری اور آسٹریلیا کے ہی مچل اسٹارک بدستور تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ ترقی سے چوتھی اور نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری تین درجے ترقی سے پانچویں پوزیشن پر آگئے، آسٹریلیا کے ایڈم زمپا بدستور چھٹی اور بنگلا دیش کے مہدی حسن بدستور ساتویں پوزیشن پر موجود ہیں، افغانستان کے مجیب الرحمان چار درجے تنزلی سے آٹھویں پوزیشن پر چلے گئے جبکہ بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان ایک درجہ ترقی سے نویں پوزیشن پر آگئے، افغانستان کے راشد خان ایک درجہ تنزلی سے دسویں پوزیشن پر چلے گئے۔