پنڈی ٹیسٹ، انگلش ٹیم کو اچھا کھیلنے کا کریڈٹ دینا چاہیے : نسیم شاہ

Published On 03 December,2022 03:29 am

لاہور : (ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا ، ہم میچ میں کم بیک کریں گے۔

پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام کے بعد نسیم شاہ نے سپنر زاہد محمود کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے میچ میں غلطیاں ہوئی ہیں مگر کم بیک کریں گے۔

فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ مہمان ٹیم کے بیٹرز کو اچھا کھیلنے کا کریڈٹ دینا چاہیے، میچ کے پہلے روز ہم نے لائن سے ہٹ کر باؤلنگ کی جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ انگلش ٹیم اپنے انداز سے کھیل رہی ہے اور ہمارا اپنا انداز ہے، امید ہے ہمارے بیٹرز بھی اچھا کھیل پیش کریں گے۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ کھلاڑی کسی بھی وقت انجرڈ ہو سکتا ہے، میں اپنی بائولنگ پر فوکس کرتا ہوں، میری کوشش ہوتی ہے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔

سپنر زاہد محمود نے کہا کہ پچ بیٹنگ کیلئے سازگار ہے مگر بطور پروفیشنل کرکٹر ہماری توجہ کارکردگی پر ہوتی ہے، امید ہے چوتھے اور پانچویں روز پچ سپنرز کیلئے مددگار ثابت ہوگی۔

Advertisement