کراچی : (دنیا نیوز) ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کی دوسری اننگز میں بھی پاکستان کی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پوری ٹیم 216 رنز پرآؤٹ ہو گئی، انگلینڈ کو وائٹ واش کیلئے صرف 55 رنز درکار ہیں۔
نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کی جانب سے بغیر کسی نقصان کے 21 رنز پر عبد اللہ شفیق اور شان مسعود 3 رنز کے ساتھ بیٹنگ کا آغاز کیا گیا تو دونوں ہی اوپنر بڑی شراکت بنانے میں ناکام رہے، پاکستان کی جانب سے پہلی وکٹ 53 کے مجموعی سکور پر شان مسعود کی گری۔
دوسرے نمبر پر آنے والے اظہر علی بھی اپنا کھاتہ کھولے بغیر صفر پر جیک لیچ کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے۔ اس کے 1 رنز بعد ہی عبداللہ شفیق بھی جیک لیچ کی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سعود شکیل کے ساتھ 110 رنز کی شراکت قائم کی۔
بابر اعظم 164 رنز پر ریحان احمد کی گیند پر اولی روبنسن کو کیچ دے بیٹھے۔ کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی اچھی بیٹنگ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 216 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ محمد رضوان 7، آغا سلمان 21، فہیم اشرف 1، نعمان علی 15 اور محمد وسیم 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے ریحان احمد نے 5، جیک لیچ نے 3 اور جو روٹ اور مارک ووڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ مہمان ٹیم کو جیت کیلئے صرف 167 رنز کا ہدف ملا جسے حاصل کرنے کیلئے انگلینڈ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ اوپنر بین ڈکٹ نے 38 گیندوں پر 131 اعشاریہ58 کے سٹرائیک ریٹس سے 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں بین سٹوکس 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
زیک کرالی 41 گیندوں پر 41 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے جبکہ ریحان احمد بھی ابرار کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔ انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا لیے ہیں، مہمان ٹیم کو3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کیلئے صرف 55 رنز مزید درکار ہیں۔
دوسرا روز
انگلینڈ کے اولی پوپ اور بین ڈیکیٹ نے پہلی نامکمل اننگز کا آغاز7 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے کیا جس کے بعد 58 رنز پر نعمان علی نے بین ڈیکیٹ کو 26 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، نعمان علی نے اگلی ہی گیند پر جو روٹ کو کیچ آؤٹ کرا کر پاکستان ٹیم کو تیسری کامیابی دلوائی۔
جو روٹ کے بعد آنے والے ہیری بروک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ بین سٹوکس ان کا ساتھ زیادہ دیر نہ دے سکے جو صرف 26 سکور ہی بنا پائے، اس کے بعد آنے والے بین فوکس نے ہیری بروک کا تھوڑا ساتھ دیا اورشراکت قائم کی۔
ہیری بروک 262 رنز پر محمد وسیم کے گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جبکہ بین فوکس 65، ریحان احمد 1، مارک ووڈ 35، اولی روبنسن 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جیک لیچ 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور نعمان علی نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد وسیم ایک ہی وکٹ لے پائے۔
انگلینڈ ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز کیلئے بیٹنگ کا آغاز کیا، پاکستان نے دن کے اختتام تک 9 اوورز کھیل کر بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنا لیے، عبد اللہ شفیق 14 اور شان مسعود 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پہلا روز
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز قومی ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی جس کے بعد انگلینڈ نے دن کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر7 رنز بنا لیے تھے۔