کراچی: (ویب ڈیسک)پاکستان ویمن ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار نے کہا ہے کہ 2022 میرے لیے بہت زبردست گزرا، پی سی بی کوچنگ سٹاف اور ساتھی کرکٹرز نے بہت سپورٹ کی۔
ندا ڈار نے کہا کہ ہمیشہ بطور آل راؤنڈر پاکستان کیلئے بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش رہی، 2019 میں کم بیک کے بعد سے بہت اچھا سفر جا رہا ہے، ایوارڈز اور اس کیلئے نامزدگی سے ہمیشہ مزید بہتر کرنے کا حوصلہ ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ آئندہ آنے والے برسوں میں بھی ایسی کارکردگی دکھاؤں، میری کارکردگی میں بسمہ معروف کا بھی اہم کردار ہے، بسمہ کے ساتھ کافی پارٹنرشپس لگیں، عالیہ کے ساتھ بھی شراکت رہی، بہت اچھا سال رہا، دوسری لڑکیوں کو بھی میری کارکردگی سے حوصلہ ملا۔
آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ عالمی رینکنگ میں ساتواں نمبر ہے، ٹاپ ٹو میں آنا چاہتی ہوں، خواہش ہے کہ مزید دو سال پاکستان کیلئے کھیلوں، ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا سے سیریز تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی، اچھی ٹیم کیخلاف کھیل کر ہمیں اعتماد بھی ملے گا اور کھیل بہتر ہوگا۔