لاہور : ( ویب ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران کیویز بیٹرکین ولیمسن کے چانسز ضائع کرنا کافی مہنگا ثابت ہوا، اُسے جلد آؤٹ کرتے تو کیویز ٹیم پریشر میں آجاتی۔
کراچی ٹیسٹ کے بعد نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران قومی بیٹر امام الحق کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ ہر سیشن میں آپ کا امتحان لیتی ہے، ہماری ٹیسٹ ٹیم ری بلڈنگ کے مرحلے میں ہے، انگلینڈ کیخلاف سیریز بھی ہم اپنی غلطیوں کے باعث ہارے تھے۔
امام الحق نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ کے دوران سنچری سکور نہ کرنے پر خود پر غصہ ہے، میں میچ میں روٹین سے ہٹ کر کھیل رہا تھا۔
قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ پاکستان میں تنقید کرنا بہت عام سی بات ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف وسیم جونیئر اور سعود شکیل نے جس طرح کھیلا وہ حوصلہ افزاء ہے۔