لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ شاہد آفریدی نے ٹی 20 پلیئرز کے انتخاب کیلئے سٹرائیک ریٹ کے حوالے سے دئیے گئے بیان پر وضاحت دے دی۔
حال ہی میں نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ "ڈومیسٹک اور ٹی 20 کیلئے کہہ دیا ہے کہ وہ کھلاڑی منتخب نہیں کیا جائیگا جس کا سٹرائیک ریٹ 130 یا 135 سے اوپر نہ ہو، ہماری جاب ہے جس کیلئے مختلف چیزیں شیئر کی جارہی ہیں اور اچھی بات یہ ہے کہ ٹیم اور سلیکشن کمیٹی کے درمیان اچھی انڈرسٹینڈنگ پیدا ہو رہی ہے"۔
شاہد آفریدی کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کے سٹرائیک ریٹ کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے تھے، اسی دوران سینئر سپورٹس جرنلسٹ یحیحیٰ حسینی نے ایک ٹوئٹ کی جس میں درج تھا کہ ٹی 20 کرکٹ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا سٹرائیک ریٹ 127.80 اور وکٹ کیپر محمد رضوان کا سٹرائیک ریٹ 126.62 ہے اور اب چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کہہ رہے ہیں ٹی 20 فارمیٹ میں 130 سے 135 سٹرائیک ریٹ سے کھیلنے والے منتخب ہو نگے۔
چیف سلیکڑ @SAfridiOfficial ہمارے سپر اسٹار تھے، اور ہیں ، اس ٹوئیٹ پر ان کا مجھے پیغام آیا، کہ یہ بات انھوں نے ڈومیسٹک سے قومی ٹیم میں آنے والوں کے لئے تجویز کی ہے، بوم بوم کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کے بعد انھوں نے صرف ون ڈے اسکواڈ منتخب کرنا ہے، شکریہ کل کے کپتان اور آج کے چیف سلیکڑ ۔
— Syed Yahya Hussaini (@SYahyaHussaini) January 3, 2023
صحافی یحیحیٰ حسینی نے ٹوئٹر پر بتایا کہ ان کے اس ٹوئٹ کے بعد انہیں شاہد آفریدی کی جانب سے کال کر کے وضاحت دی گئی ہے کہ یہ بات انہوں نے ڈومیسٹک سے قومی ٹیم میں آنے والوں کے لیے تجویز کی ہے۔
یحیحیٰ حسینی نے لکھا کہ ’چیف سلیکٹر ہمارے سپر سٹار تھے اور ہیں، اس ٹوئٹ پر ان کا مجھے پیغام آیا کہ یہ بات انہوں نے ڈومیسٹک سے قومی ٹیم میں آنے والوں کے لیے تجویز کی ہے، بوم بوم کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کے بعد انہوں نے صرف ون ڈے سکواڈ منتخب کرنا ہے۔