کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیم کے فاسٹ باؤلر میر حمزہ نے کہا ہے کہ کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز نائٹ واچ مین کی ذمہ داری پوری نہیں کر سکا۔
کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 5 کھلاڑی آؤٹ 277 رنز پر ڈکلیئرکردی، پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 319 رنز کا ہدف ملا ہے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر بغیر کوئی رن بنائے دو وکٹیں گنوادیں، پاکستان کو پہلا نقصان عبداللہ شفیق کی صورت میں ہوا جو بغیر کوئی رن بنائے ٹم ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پاکستانی کی دوسری وکٹ بھی صفر پر ہی گری جب نائٹ واچ مین میر حمزہ بغیر کوئی رن بنائے اش سودھی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
چوتھے روز کھیل کے اختتام پر میر حمزہ نے میڈیا سے گفتگو کی اور اپنی غلطی مانتے ہوئے کہا کہ میں نائٹ واچ مین کی ذمہ داری پوری نہیں کر سکا۔
اس کے علاوہ انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ باؤلنگ میں بھی ٹیم کیلئے اچھے نتائج نہیں لا سکے۔
تاہم میر حمزہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ دیکھا جائے تو ابھی صرف ایک مین بیٹر آؤٹ ہوا ہے، ہماری لمبی بیٹنگ لائن ہے امید ہے سب اچھا ہو گا۔
واضح رہے کہ فاسٹ باؤلر میر حمزہ 4 سال بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں۔