شاداب انجرڈ: نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے شان مسعود نائب کپتان مقرر

Published On 06 January,2023 12:45 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم کے نائب کپتان کا اعلان کر دیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز 9 جنوری سے شروع ہو رہی ہے۔

گزشتہ روز قومی ٹیم کے حتمی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا، قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ پاکستان کے نائب کپتان شاداب خان انجری کی وجہ سے ون ڈے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

شاداب خان آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کے دوران زخمی ہوگئے تھے، زخمی انگلی کے سبب شاداب ون ڈے سیریز کے لیے فٹنس ٹیسٹ میں ناکام رہے تھے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لے شان مسعود نائب کپتان ہوں گے۔

ادھر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت بھی شروع ہو گئی ہے، ٹکٹس آن لائن اور پی سی بی کے مقرر کردہ مقامات سے خریدے جا سکتے ہیں۔
 

Advertisement