کراچی: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 118 رنز کی اننگز کھیلنے والے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر سنچری کی خواہش پوری ہوگئی ہے، یہ کیریئر کی سب سے بہترین سنچری تھی۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ آخری روز اور چوتھی اننگز میں سنچری بنانا آسان نہیں ہوتا، سنچری بنانے پر جذباتی ہوگیا تھا کیوںکہ 3 اننگز میں قریب پہنچ کر آؤٹ ہوگیا تھا، ہوم گراؤنڈ پر سنچری بنانے اور نیشنل سٹیڈیم کے آنر بورڈ پر نام درج کرنے کی خواہش تھی جو پوری ہوگئی۔
دوبارہ کپتانی ملنے کے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ اس وقت بابراعظم ٹیم کے کپتان ہیں اور انہیں سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، مجھے جہاں کرکٹ ملی میں نے کھیلی، مشکل وقت میں سب نے سپورٹ کیا، اللہ نے ایک موقع دیا اور عزت رکھی، جب تک فارم اور فٹنس ہے کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کم روشنی کے باعث ڈرا ہوگیا، 319 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنا لیے تھے جس کے بعد خراب روشنی کے باعث میچ 3 اوورز قبل ہی ختم کردیا گیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 9 جنوری کو کراچی نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر اڑھائی بجے شروع ہوگا۔