لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں شان مسعود کی اچانک سکواڈ میں انٹری کے بعد نائب کپتان بنانا ٹیم سے چھیڑ چھاڑ ہے۔
لاہور میں سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے جی سی یونیورسٹی آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم وائٹ بال میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے، ٹیم کے غیر مستقل رکن شان مسعود کو نائب کپتان بنانا چھیڑ چھاڑ کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ پاکستان میں نہیں ہوتا تو بھارت ٹیم بھیجنے سے پہلے دو بار سوچیں، انڈین کرکٹ میں بی جے پی مائںڈ سیٹ آچکا ہے۔
سابق چیئرمین نے اپنی پچز میں بہتری نہ لانے کو اپنی ناکامی کہتے ہوئے کہا کہ ہر کام میں وقت لگتا ہے۔
رمیز راجہ نے مزید کہا کہ کرکٹ کو نان کرکٹر کے حوالے کرنا اندھیرے میں ٹامک ٹویاں مارنا ہے، قومی ٹیم میں زبردستی تبدیلیاں لانے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ ڈیڑھ دو سال میں کرکٹ اوپر جا رہی تھی لیکن تسلسل کو توڑ دیا گیا، ایک شخص یا گروپ کو نوازنے کے لئے آئین کو روندا گیا۔