کیویز کیخلاف ون ڈے سیریز میرے لئے بہت اہم تھی : فخر زمان

Published On 14 January,2023 02:56 am

کراچی : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے کہا کہ ورلڈکپ کی تیاری کر رہا ہوں ، خود کو جلدی فٹ کروں گا، نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میرے لئے بہت اہم تھی۔

کیویز کے خلاف آخری ون ڈے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی اوپنر فخر زمان نے کہا کہ ٹیم کا کمبی نیشن جو بنا ہے وہ اچھا ہے، ماضی میں ہم اچھے میچ جیتتے رہے ہیں، ورلڈ کپ کے لیے بھی ہمارا اچھا کمبی نیشن ہے۔

فخر زمان نے کہا کہ ورلڈکپ کے بعد یہ میری پہلی سیریز تھی، پاکستان کپ کے میچز میں نے تکلیف میں کھیلے ہیں، اب پی سی بی کے تمام ٹیسٹ کر کے میں یہاں آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بولرز نے اچھی بولنگ کی لیکن فلپ نے کیویز کو میچ جتوایا، ایسا لگ رہا تھا کہ فلپس مختلف کرکٹ کھیل رہا ہے، ڈریسنگ روم میں ہم ولیمسن کے آؤٹ ہونے کا سوچ رہے تھے،نسیم شاہ ہوتا تو امید تھی وہ اچھی گیند کرتا۔

خیال رہے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ون ڈے میں فخر  انجری کے باعث فیلڈنگ کیلئے گراؤنڈ میں نہیں آسکے تھے تاہم انہوں نے بیٹنگ کے دوران 101 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔