کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں دونوں ٹیموں کے پلیئرز سمیت صوبائی وزراء اور اعلیٰ سول افسران نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ خوشی ہوئی آج قومی کھلاڑی کوئٹہ آئے ہیں، پی سی بی کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے میگا ایونٹ کا موقع دیا، بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، بلوچستان کے لوگ مہمان نواز ہیں اپنے مہمانوں کی دل سے قدر کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اب کسی کو یہ جواز نہیں ملے گا کہ ہم ایسے ایونٹ نہیں کر سکتے، کھیل بلوچستان حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، کھیلوں کے میدانوں سے ہمارے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔
— Chief Secretary Balochistan (@cs_balochistan) February 4, 2023
وزیرکھیل عبدالخالق ہزارہ نے کہا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ کوئٹہ میں فٹبال ہاکی اور دیگر کھیلوں کے علاوہ آج کرکٹ کا میلہ بھی سجا، ہماری خواہش ہے کہ ہمارے نوجوان کھیلوں کی جانب راغب ہوں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے کھیلوں کے میدان آباد ہوں، باکسنگ ہو یا دیگر کھیل بلوچستان کے کھلاڑیوں نے اپنا لوہا منوایا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ کوئٹہ آکر بہت خوشی ہوئی، اچھی بات ہے کوئٹہ میں کرکٹ سٹیڈیم کو کھیلنے کے قابل کر دیا گیا، بلوچستان کے نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع ملنے چاہئیں، کھیل ہوں گے تو کھلاڑی آگے آئیں گے۔