پی ایس ایل 8: کراچی کنگز کو پہلی فتح کی تلاش، آج اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ

Published On 16 February,2023 11:32 am

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 میں شریک کراچی کنگز آج فتح کی کنجی تلاش کرنے کے خواہاں ہوں گے جبکہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ ہوگا۔

پی ایس ایل 8 میں کراچی کنگز کی ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں ناکام ہوئی، پشاور زلمی نے 2 رنز سے فتح پائی، میزبان ٹیم آج نیشنل سٹیڈیم میں پہلی فتح کی کوشش کرے گی۔

پہلے میچ میں بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے شرجیل خان کھاتہ بھی نہیں کھول پائے، میتھیو ویڈ اچھے آغاز کو بڑے سکور میں نہیں بدل پائے، دونوں سے اس بار بہتر کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہوں گی۔

حیدر علی اور قاسم اکرم کی پرفارمنس بھی متاثر کن نہیں رہی تھی، مڈل آرڈر میں ان کو بھی پرفارم کرنا ہوگا، ان فارم کپتان عماد وسیم اور شعیب ملک امیدوں کا محور ہوں گے۔

بین کٹنگ بھی چھکے چھڑا سکتے ہیں، کراچی کنگز کو باؤلنگ میں بھی بہتری لانا ہوگی، خاص طور پر محمد عامر، عماد وسیم اور عمران طاہر کو رنز کا بہاؤ روکنا ہوگا۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اپنی مہم کا فتح کے ساتھ آغاز کرنے کا عزم لیے میدان میں اترے گی، ٹیم کو الیکس ہیلز، پال سٹرلنگ، کولن منرو اور راسی وان ڈر ڈوسین جیسے پاور ہٹرز کی خدمات میسر ہیں، مقامی بیٹرز میں اعظم خان اچھی فارم میں ہیں۔

پی ایس ایل کی ٹیموں میں سب سے اچھی بیٹنگ لائن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ہی سمجھی جاتی ہے، حسن علی، وسیم جونیئر اور ٹام کرن کی صورت میں پیس بیٹری بھی حریف بیٹرز کیلئے پریشانی کھڑی کرسکتی ہے،آل راؤنڈر مبصر خان بھی پلیئنگ الیون میں سلیکشن کے مضبوط امیدوار ہیں۔
 

Advertisement