اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

Published On 23 February,2023 06:39 pm

کراچی: (دنیا نیوز) اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی، شاداب الیون نے157 رنز کا ہدف 15 ویں اوور کی پانچویں بال پر پورا کر لیا۔

 اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے اوپنر عبدالرحمان گرباز نے 31 گیندوں پر 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے، وین ڈیر دسان نے 42 کی اننگز کھیلی۔

شاداب خان 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ان کی جگہ آنے والے آصف علی نے 13 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اعظم خان 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے ارشد اقبال، جیمز نیشم اور عثمان قادر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 

— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 23, 2023

 

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ 8 کے 12 میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے 75 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا 7 چوکے شامل ہیں، محمد حارث کے 40 رنز، صائم ایوب 3، ٹام کوہلر کیڈ مور 1 جبکہ روومین پاول بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی کے ٹیل اینڈرز سکور میں کوئی خاص اضافہ نہ کر سکے اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے، جیمز نیشم نے 6، دسن شناکا نے 11، وہاب ریاض نے 8 جبکہ عثمان قادر 7 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے حسن علی نے 3، شاداب خان، مبصر خان، رومان رئیس، فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، ٹام کرن کوئی کھلاڑی آؤٹ نہ کر سکے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ 8 کے 12 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
 

پشاور زلمی سکواڈ
کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر محمد حارث، صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈ مور، روومین پاول، جیمز نیشم، دسن شناکا، وہاب ریاض، سفیان مقیم، عثمان قادر، ارشد اقبال۔

اسلام آباد یونائیٹڈ سکواڈ
کپتان شاداب خان، وکٹ کیپر اعظم خان، کولن منرو، رحمان اللہ گرباز، وین ڈیر دسان، آصف علی، مبشر خان، فہیم اشرف، ٹام کرن، حسن علی، رومان رئیس۔

 

Advertisement