اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے شکست دیدی

Published On 24 February,2023 06:44 pm

کراچی: (دنیا نیوز) اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ایونٹ کا سب سے بڑا مجموعہ 220 رنز عبور کرنے کی کوشش میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں جاری پاکستان سپر لیگ 8 کے 13 ویں میچ میں سرفراز الیون کو 63 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ابتداء میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز کی شاندار باؤلنگ کے باعث یہ غلط لگا، تاہم شاداب الیون نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 221 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شروع سے ہی مشکلات کا سامنا رہا اور ان کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 157 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور ٹیم کو 63 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حفیظ 48 اور کپتان سرفراز احمد 41، افتخار احمد 39 اور ول شمیڈ 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 3 کھلاڑی بغیر کوئی سکور بنائے پویلین واپس لوٹے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی اور فضل حق فاروقی نے 3،3 جبکہ کپتان شاداب خان اور ابرار احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ کا سب سے بڑا ٹوٹل 220 رنز سکور بورڈ پر سجا دیا، ان کی اننگز میں 18 چھکے اور 15 چوکے شامل تھے، رحمان اللہ گرباز 8، کولن منرو 38، وین ڈیر ڈوسن ایک اور شاداب خان 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس موقع پر اعظم خان کریز پر آئے اور میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔

 اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اعظم خان 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 97 سکور بنا کر نمایاں رہے، کولن منرو38، رحمان اللہ گرباز8، رسی وین ڈیر ڈوسن 1، شاداب خان12 ،آصف علی 42 رنز بنا سکے جبکہ فہیم اشرف 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین اور اوڈین سمتھ نے 2،2 جبکہ نسیم شاہ اور ایمل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سکواڈ

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: جیسن رائے، ول سمیڈ، مارٹن گپٹل، سرفراز احمد (کپتان)، افتخار احمد، اوڈین اسمتھ، محمد حفیظ، محمد نواز، ایمل خان، نسیم شاہ، محمد حسنین

اسلام آباد یونائیٹڈ: کولن منرو، رحمان اللہ گرباز، رسی وین ڈیر ڈوسن، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، مبصر خان، حسن علی، فضل الحق فاروقی، ابرار احمد

Advertisement