لاہور: (ویب ڈیسک) ملتان سلطانز کے فاسٹ باؤلر احسان اللہ نے کہا ہے میرا شروع سے یقین تھا کہ میں پاکستان کی طرف سے ضرور کھیلوں گا۔
احسان اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ پاکستان سپرلیگ میں پرفارمنس اچھی ہوئی اور مجھے پاکستان ٹیم میں شامل کر لیا گیا، افغانستان کے خلاف مجھے موقع ملا تو اس سیریز میں بھی پرفارم کروں گا۔
احسان اللہ کہتے ہیں کہ ڈومیسٹک سمیت مجھے جہاں بھی موقع ملا میں نے پرفارم کیا، اب پاکستان کی طرف بھی سے پرفارم کرنےکا عزم ہے۔
پی ایس ایل 8 میں زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز کی فہرست میں ملتان سلطانز کے باؤلرز کے درمیان مقابلہ ہے، عباس آفریدی 23 وکٹوں کے ساتھ پہلے جب کہ احسان اللہ 21 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
احسان اللہ کہتے ہیں عباس آفریدی میرا بھائی ہے، کوئی بھی سب سے زیادہ وکٹیں لے مجھے خوشی ہوگی، ہمارا ہدف یہی ہےکہ ہم نے چیمپئن بننا ہے، میں نے فائنل میں پانچ وکٹیں لینی ہیں، میری کوشش ہے کہ میں مین آف دی فائنل بنوں اور عباس آفریدی بھی یہی چاہتا ہے۔
تسلسل کے ساتھ تیز رفتاری کے ساتھ باؤلنگ کرنے کے بارے میں فاسٹ باؤلر نےکہا کہ فزیو ٹرینر اور ڈاکٹر سمیت ہماری جو منیجمنٹ ہے وہ میرا بہت خیال رکھتی ہے، میرے تسلسل کے ساتھ ایک ہی رفتار سے بولنگ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ منیجمنٹ مجھے تھکنے نہیں دیتی، منیجمنٹ مجھے انجرڈ نہیں ہونے دیتی، میری خوراک کا خیال رکھا جاتا ہے۔
احسان اللہ نے کہا کہ میں اپنا سارا کریڈٹ کپتان محمد رضوان، کوچ عبدالرحمان اور حیدر اظہر کو دیتا ہوں، محمد رضوان ڈانٹتے نہیں ہیں، کوئٹہ کے خلاف مجھ سے کیچ بھی ڈراپ ہو گیا تو مجھے کہا کہ فکر نہ کرو آپ کر سکتے ہو، محمد رضوان کی وجہ سے مجھے حوصلہ ملتا ہے۔
احسان اللہ نے اپنے اگلے ہدف کے بارے میں کہا کہ میں اب ورلڈکپ کھیلنے کے لیے پاکستان ٹیم میں اپنا نام پکا کروں گا۔