ٹیلنٹ کی بنیاد پر ٹیم میں آیا، بابر اعظم نہیں لائے : عثمان قادر

Published On 13 April,2023 03:56 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر عثمان قادر کا کہنا ہے کہ انہیں ٹیم میں کپتان بابراعظم کے ساتھ دوستی کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کی صلاحیتوں کے بل بوتے پر شامل کیا گیا۔

نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران لیگ سپنر کا کہنا تھا 2019 میں مصباح الحق سلیکٹر تھے اور انہوں نے مجھے ٹیم میں منتخب کیا تھا، سب کو یہ پتا ہونا چاہیے کہ جب کوئی کھلاڑی پہلی بار کپتان بنتا ہے تو اس کے پاس کوئی اختیارات نہیں ہوتے، اور نہ ہی وہ اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرواسکتا ہے۔

عثمان قادر نے کہا کہ میں نے کبھی بابر اعظم کے پاس جاکر نہیں پوچھا کہ میں ٹیم میں کھیل رہا ہوں یا نہیں، وہ بطور کپتان پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں اور ان کے کندھوں پر بڑی بھاری ذمے داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابراعظم میرا بچپن کا دوست ضرورہے مگر میدان سے باہر، میدان کے اندر ہماری دوستی نہیں ہوتی، کسی کھلاڑی کے بارے میں یہ کہنا کہ وہ اپنی دوستی کی وجہ سے قومی ٹیم میں آیا ہے اپنے ٹیلنٹ کی بنیاد پر نہیں، سراسر ناانصافی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ بابراعظم مجھے ٹیم میں نہیں لے کر آئے۔