لاہور: (ویب ڈیسک) محمد عباس سٹار پلیئر شاہین آفریدی کے ہمراہ باؤلنگ پیئر بنانے کے خواہاں ہیں۔
ایک انٹرویو میں محمد عباس نے کہا کہ میں کاؤنٹی سیزن کے آغاز میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں، ہیمپشائر کی جانب سے وکٹوں کی سنچری مکمل کرنا اعزاز ہے، ہر کرکٹر کا مقصد ملک کی نمائندگی کرنا ہوتا ہے، میں بہترین پرفارم کرنے کی کوشش کررہا ہوں، گزشتہ سال موقع نہ ملنے پر مایوس ہوا، مثبت سوچ کے ساتھ کم بیک کیلئے بہترین کوشش کررہا ہوں، نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری موجودگی میں ڈیبیو کرنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی میں بہت زیادہ نکھار آیا ہے، وہ میرے چھوٹے بھائی کی طرح ہے، میں ان کی کارکردگی پر بہت خوش ہوں، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شاہین سے ملاقات بھی ہوئی، میں ان کے کیریئر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر قومی ٹیم میں واپسی کا موقع ملا تو شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ باؤلنگ پیئر بنانا چاہوں گا، پیسر کی حالیہ پرفارمنس شاندار ہے جبکہ میں ماضی کی کامیابیوں کا سلسلہ آگے بڑھانے کی کوشش کروں گا، قومی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہوں۔