بہترین پیسرز، سپنرز کا سامنا، پاکستان کیخلاف سیریز چیلنجنگ ہوگی:ٹام لیتھم

Published On 13 April,2023 10:15 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں کئی میچ ونرز موجود ہیں، سیریز ہمارے لیے سخت چیلنجنگ ہوگی، کیویز کو بہترین پیسرز اور سپنرز کا سامنا کرنا ہوگا۔

قذافی سٹیڈیم میں ٹرافی کی رونمائی تقریب کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان کیوی کپتان نے کہا ہے ہمیں چند سینئر کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں مگر نوجوان کرکٹرز کے پاس صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے، انہیں مختلف کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ بھی حاصل ہوگا۔

ٹام لیتھم نے کہا کہ سکواڈ کو تیاری کا زیادہ موقع نہیں مل سکا مگر چند کرکٹرز نے سری لنکا کے خلاف اچھا پرفارم کیا، چند ایک کو پی ایس ایل میں کھیلنے کا تجربہ بھی حاصل ہے، ایڈم ملنے، ایش سوڈھی، جم نیشم اور ڈیرل مچل سے اچھی پرفارمنس کی توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں۔

کیوی کپتان نے کہا کہ اپنے پلان کے مطابق کھیلتے ہوئے سیریز میں عمدہ پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے، بھارت کی کنڈیشنز کے پیش نظر پاکستان میں کھیلتے ہوئے کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کی تیاری کا بھی اچھا موقع ملے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوینٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 14 اپریل کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔