ہیٹ ٹرک کرنا اہم، افسوس ایسا سنگ میل شکست میں حاصل ہوا: میٹ ہینری

Published On 15 April,2023 11:13 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے خلاف پہلے ٹی 20 میں شاندار ہیٹ ٹرک کرنے والے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہینری نے کہا ہے کہ ٹاپ باؤلرز کے گروپ میں شمار ہونا میرے لیے کافی سپیشل ہے۔

پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز کے کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 88 رنز سے شکست دی۔

میٹ ہینری نے کہا کہ سیریز کا آغاز اچھا نہیں ہوا، 5 میچز کی سیریز ہے، کم بیک کرتے ہوئے دوسرے میچ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کنڈیشنز کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں، پہلے میچ سے بہت کچھ اندازہ ہوا، انٹرنیشنل کرکٹ کا شیڈول کافی سخت ہوگیا ہے ، یہ چیلنج سب کو ہے، ہمیں اندازہ تھا کہ پاکستان میں ہمیں کس طرح کے چیلنج کا سامنا ہوگا۔

کیوی فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ امید ہے پہلے میچ سے جو سیکھا اس کو آج دوسرے میچ میں اپلائی کریں، وقفے وقفے سے اچھی باؤلنگ کی مگر ہمیں غلطیوں پر مزید قابو پانا ہوگا، ٹی 20 میں ہمیشہ آپ کا کنٹرول نہیں رہتا، اہم ہے کہ ہم مثبت رہیں۔

میٹ ہینری نے کہا کہ ہیٹ ٹرک کرنا ہمیشہ اہم ہے، افسوس ہے کہ ایسا سنگ میل شکست میں حاصل ہوا،ٹاپ باؤلرز کے گروپ میں شمار ہونا میرے لیے کافی سپیشل ہے۔