بابر اعظم جیسے بیٹر کیخلاف اکثر بہتر سے بہتر پلان بھی کار آمد نہیں ہوتا: جمی نیشم

Published On 14 April,2023 09:27 am

لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر جمی نیشم نے کہا ہے کہ بابر اعظم جیسے بیٹر کے خلاف اکثر بہتر سے بہتر پلان بھی کارآمد نہیں ہوتا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی 20 اور 5 ون ڈے میچز کی سیریز کے آغاز سے قبل انٹرویو میں جمی نیشم نے کہا کہ پاکستان میں اگلے چند دنوں میں بہت زیادہ کرکٹ ہوگی، پاکستان کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ہرانے کیلئے بہترین کھیلنا ہوگا، امید ہے کہ نیوزی لینڈ کے پلیئرز اس سیریز میں اپنے حالیہ تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔

جمی نیشم نے لاہور میں گزشتہ ماہ پشاور زلمی کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کے میچز کھیلے تھے ،تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس بار موسم تھوڑا گرم ہے لیکن باؤنڈریز کا سائز پچھلی بار کے مقابلے میں بڑا نہیں، انہوں نے کہا کہ وہ یہاں ہائی سکورنگ میچز کی توقع کرتے ہیں۔

ایک سوال پر جمی نیشم نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے گزشتہ چند سالوں کے دوران وائٹ بال کرکٹ میں اچھی پرفارمنس دی ہے اور ٹیم کو اندازہ ہے کہ اس طرح کی کنڈیشن میں کس طرح کھیلنا ہے ،اہم بات یہ ہے کہ ہم اپنے پلانز پر ٹھیک طرح عمل درآمد کریں۔

انہوں نے کہا کہ باؤلرز کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے سپیلز کے دوران حریف کو بڑا سکور بنانے سے روکیں۔

نیشم کا کہنا تھا کہ کسی بھی بیٹر کے خلاف کوئی پرفیکٹ پلان نہیں ہوسکتا، ٹیمں اپنا ذہن بنا کر آتی ہیں کہ کس بیٹر کو کہاں باؤلنگ کرانی ہے، اس کے کچھ فوائد بھی ہیں اور کھ نقصانات بھی، آخر میں وہی بات اہم ہوتی ہے کہ کون اپنا پلان ٹھیک طرح اپلائی کرتا ہے اور قسمت کس کا ساتھ دیتی ہے، بابر اعظم جیسے مستند بیٹر کے خلاف اکثر اچھے سے اچھا پلان ناکام ہوجاتا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ ہم ان کے خلاف اپنا بہترین کھیل دیں۔

نیوزی لینڈ کے سکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کم تجربہ کار اور نوجوان پلیئرز کی موجودگی کا ایک فائدہ یہ ہے کہ ان کھلاڑیوں میں کچھ کر دکھانے کا جذبہ ہے جس سے ٹیم کو فائدہ ہوگا، امید ہے اگلے چند روز کے دوران یہ پلیئرز اس موقع کا فائدہ اٹھائیں اور بتائیں کہ ان میں کیا صلاحیتیں ہیں۔