کراچی: (ویب ڈیسک) قومی فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے کہا ہے کہ انجری سے نجات حاصل کر چکا، امید ہے کہ دورہ زمبابوے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے قومی کرکٹ ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے میں کامیاب ہو جاؤں گا۔
ایک انٹرویو میں شاہنواز دھانی کا کہنا تھا کہ کہ انجری کھلاڑی کی زندگی کا ایک حصہ ہوتی ہے، ہر کھلاڑی کو ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے، میں بھی انجری کا شکار ہوا،کیمپ میں بھرپور پریکٹس کر رہا ہوں، زمبابوے کے خلاف سیریز کے حوالے سے بہت پرامید ہوں۔
شاہنواز دھانی نے مزید کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں اس وقت فاسٹ بولرز کو جگہ بنانے کے لیے سخت مقابلہ درپیش ہے، کسی فاسٹ بولر کے لیے قومی اسکواڈ میں جگہ بنانا بہت مشکل ہو گیا ہے۔
فاسٹ بولر نے امید ظاہر کی کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں ملنے والے مواقع سے فائدہ اٹھا کر اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے قومی ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
شاہنواز دھانی نے کہا کہ فلموں میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں لیکن تمنا ہے کہ سندھ کا وزیر کھیل بن جاؤں تو صوبے میں کھیل کے میدانوں کا جال بچھا کر چھوٹے چھوٹے شہروں میں بھی پی ایس ایل مقابلے کراؤں۔