بابر اعظم دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں:عماد وسیم

Published On 16 April,2023 08:00 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے کپتان بابراعظم کو ’ دنیا کا بہترین کھلاڑی ‘ قرار دے دیا۔

عماد وسیم نے پاکستانی کپتان کے بارے میں یہ ریمارکس ہفتے کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچ میں ان کی شان دار سینچری اننگز کے بعد دیے۔

دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں قومی کپتان نے 174.13 کے اسٹرائیک ریٹ سے 58 گیندوں پر 101 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی تھی۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

عماد وسیم نے کہا،’’ میں نے بہت سی اننگز دیکھی ہیں مگر میری رائے میں ان کی یہ اننگز سب سے بہتر تھی، خاص طور پر تین وکٹیں گرنے کے بعد انہوں نے جس انداز سے اننگز کو آگے بڑھایا وہ لاجواب تھا،اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں۔‘‘