لاہور: (ویب ڈیسک) بابر اعظم ٹی 20 انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کپتان بن گئے۔
نیوزی لینڈ کیخلاف لاہور میں ہونے والی سنچری بابر اعظم کے ٹی 20 انٹرنیشنل کیریئر کی تیسری سنچری تھی، انہوں نے یہ تینوں سنچریاں بطور کپتان سکور کیں ہیں یوں وہ سب سے زیادہ سنچری بنانے والے کپتان بن گئے۔
بھارت کے روہت شرما اور سوئٹزرلینڈ کے فہیم نذیر نے بطور کپتان دو، دو سنچریاں سکور کیں اور وہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔
تاہم مجموعی طور پر سب سے زیادہ انٹرنیشنل سنچریوں میں روہت شرما چار سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، بابر اعظم نے تین سنچریاں بنائی ہیں، بھارت کے سوریا کمار یادو، آسٹریلیا کے گلین میسکویل، نیوزی لینڈ کے کولن منرو اور جمہوریہ چیک کے سبرون ڈاویزی نے بھی تین، تین انٹرنیشنل سنچریاں سکور کی ہیں۔
لاہور میں نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری مجموعی ٹی ٹوئنٹیز میں بابر اعظم کی نویں سنچری ہے یوں وہ مجموعی ٹی 20 میں بھی سب سے زیادہ سنچری بنانے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے۔
بابر اعظم نے ٹی 20 انٹرنیشنلز میں مجموعی طور پر 33 ویں مرتبہ ففٹی پلس سکور کیا، بھارت کے روہت شرما نے بھی 33 ففٹی پلس سکور بنائے، صرف ویرات کوہلی 38 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ ان دونوں سے آگے ہیں۔
قومی کپتان بابر اعظم نے بطور پاکستان کے کپتان سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز بنانے والوں کی فہرست میں انضمام الحق کو پیچھے چھوڑ دیا اور اب وہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
بابر اعظم نے مجموعی طور پر بطور کپتان 5280 انٹرنیشنل رنز بنائے ہیں، مصباح الحق 7392 رنز کے ساتھ اس فہرست میں پہلی جبکہ عمران خان 5655 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، انضمام الحق نے بطور کپتان 5179 رنز بنائے تھے۔