صائم کی صورت میں پاکستان کو ایک اچھا کھلاڑی ملا ہے : فخر زمان

Published On 15 April,2023 02:29 am

لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ کپتان بابر اعظم کے بعد نوجوان بیٹر صائم ایوب کی صورت میں پاکستان کو ایک اچھا کھلاڑی ملا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے بیٹر کا کہنا تھا کہ لاہور کی وکٹ بیٹنگ کے لئے آسان نہیں تھی، اننگ کے آغاز میں اوپنر جوڑی بابر اعظم اور محمد رضوان کو بیٹنگ میں مشکل پیش آئی۔

فخر زمان نے کہا کہ جس طرح کی اننگ صائم ایوب نے کھیلی ہے اس نے میچ کو باقی بیٹرز کیلئے آسان بنا دیا، بابر اعظم کے بعد صائم ایوب کی صورت میں پاکستان کو ایک اچھا کھلاڑی ملا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میچ سے قبل ٹیم کو یہی پیغام تھا کہ جارحانہ کرکٹ کھیلیں اور سیریز کے باقی میچز میں بھی اسی مومینٹم کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو88 رنز سے شکست دے کر سیریز میں فاتحانہ آغاز کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ پہلے میچ میں فخر زمان اور صائم ایوب نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں اور 79 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا، دونوں بیٹرز نے 47 ، 47 رنز بنائے۔