لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ہیڈ کوچ جاوید میانداد نے کہا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، موت جب کہیں اور جہاں لکھی ہے آئے گی۔
سابق کپتان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں بات کرتے ہوئے انہوں نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کا مشورہ دیا۔
سابق ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کو ایشیاء کپ کھیلنے کے لئے پاکستان کا دورہ کرنا چاہیے، پاکستان میں سکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، موت جب کہیں اور جہاں لکھی ہے آئے گی۔
جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ بھارت کے ٹورنامنٹ کے لئے پاکستان آنے سے صاف انکار نے ٹورنامنٹ کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے، 13-2012ء میں ہماری ٹیم خراب حالات کے باوجود بھارت گئی تھی لیکن اس کے بعد ہندوستان نے اپنا وعدہ آج تک پورا نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بھارت ہمیں بلائے گا تو ضرور جائیں گے لیکن اب بھارت کی باری ہے کہ وہ اپنا قرض اُتارے۔
یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی ٹیم کو سکیورٹی وجوہات کا بہانہ بناکر پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کیا ۔