لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر میر حمزہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس اس وقت بے شمار فاسٹ باؤلرز ہیں اور ہر باؤلر کو زیادہ محنت کے ساتھ ساتھ اپنی فٹنس پر بھی خاص توجہ دینا ہوگی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ یہ وقت اور کلچر کی بات ہے کہ اس وقت فاسٹ باؤلر کی صرف پیس دیکھی جارہی ہے ، میری اِسکل پیس نہیں بلکہ سوئنگ ہے اور میں صرف اپنی پیس پر توجہ دے کر سوئنگ کے ہنر کو کھونا نہیں چاہتا۔
میر حمزہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس اس وقت بے شمار فاسٹ باؤلرز ہیں جو ایک خوش آئند بات ہے اور فاسٹ باؤلرز کے درمیان مقابلے کی فضا قائم ہو جانے سے قومی ٹیم کو ہی فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہر فاسٹ باؤلر کی اپنی اِسکل ہوتی ہے، میری اِسکل سوئنگ اور سیم ہے، مجھے سوئنگ پر مکمل عبور ہے، احسان اللّٰہ اور حارث رؤف کے پاس پیس ہے جس کی وجہ سے میرا ان سے کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔