لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیریز میں فاتحانہ آغاز کر لیا۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم نے کیویز کو 88 رنز سے شکست دی، پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور وہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پاکستانی اننگ کا آغاز مایوس کن رہا، محمد رضوان 8 اور کپتان بابر اعظم 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد فخر زمان اور صائم ایوب نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں اور 79 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم 109 کے مجموعی سکور پر صائم ایوب 47 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد شاداب 5، افتخار بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوئے۔
فخرزمان بھی 47 رنز بنا کر سودھی کا شکار بنے، عماد وسیم 16، شاہین ایک، فہیم اشرف 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے، پاکستان کی پوری ٹیم آخری اوور میں 182 رنز پر آؤٹ ہوئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے ہیٹ ٹرک کی، انہوں نے اپنے تیسرے اوور کی پانچویں، چھٹی اور چوتھے اوور کی پہلی گیند پر وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم 94 رنز پر ڈھیر ہوگئی، نیوزی لینڈ کی طرف سے مارک چپمین 34، کپتان ٹام لیتھم 20 اور جیمز نیشم 15 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ گرین شرٹس کے حارث رؤف نے حریف ٹیم کے 4 بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔