لاہور: (ویب ڈیسک) کرکٹر عبداللہ شفیق کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میں زیادہ بار زیرو پر آؤٹ ہونے کو مثبت لیتا ہوں، میں اپنی خامیوں کو دور کروں گا، اب موقع ملا تو فائدہ اٹھاؤں گا۔
عبداللّٰہ شفیق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے بھرپور تیاری ہے، اس وقت ہم ٹی 20 سیریز بھی ساتھ ساتھ دیکھ رہے ہیں، ٹی 20 سیریز دیکھ کر باؤلنگ اور پلان کا اندازہ لگا رہے ہیں اور نیوزی لینڈ کی سٹرنتھ کو سامنے رکھ کر تیاری کر رہے ہیں، ٹی 20 سکواڈ کے ساتھ ٹریننگ کے بعد اب انفرادی طور پر ٹریننگ کر رہے ہیں۔
عبداللّٰہ شفیق کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے، میگا ایونٹس سے پہلے ہمارے آٹھ ون ڈے میچز اہمیت کے حامل ہیں، تمام کھلاڑیوں کے پاس اچھا موقع ہے کہ وہ اچھا پرفارم کر کے تیاری کریں۔
انہوں نے کہا کہ کیریئر میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے، افغانستان کے خلاف اچھا نہیں کر سکا لیکن پلیئر کو جو موقع ملے اس سے فائدہ اٹھانا ہوتا ہے، اب نیوزی لینڈ سیریز پر فوکس ہے جہاں تک ناپسندیدہ ریکارڈ کی بات ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ ناپسندیدہ ریکارڈ آپ کو بڑا پلیئر بھی بنا دیتے ہیں۔
عبداللّٰہ شفیق کا ماننا ہے کہ ہر فارمیٹ میں کرکٹ کی بنیادی مہارت ایک جیسی ہوتی ہے، کسی ایک فارمیٹ میں کھیلنے کا نہیں سوچتا بلکہ یہ سوچتا ہوں کہ میں نے ہر فارمیٹ اس کی ضرورت کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرنی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے کسی فارمیٹ میں خود کو نہیں منوانا، میں اچھا ہوں تو کھیل رہا ہوں، میں اپنے لیے بڑے ٹارگٹ سیٹ نہیں کرتا بلکہ چھوٹے چھوٹے گول بنا کر ان کو حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔