محمد رضوان کو تیسرے ٹی 20 میچ میں آرام دئیے جانے کا امکان

Published On 17 April,2023 09:57 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والے تیسرے ٹی 20 میچ میں آرام دئیے جانے کا امکان ہے۔

محمد رضوان کے کمر کی انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ سے باہر ہونے کا امکان ہے، دونوں ٹیمیں سیریز کے تیسرے میچ میں آج لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔

وکٹ کیپر بلے باز دوسرے ٹی 20 کے دوران سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد وہ نیوزی لینڈ کی بیٹنگ اننگز کے ساتویں اوور میں میدان چھوڑ گئے اور محمد حارث نے بطور وکٹ کیپر ان کی جگہ لی۔

اگرچہ رضوان کی حالت میں بہتری آرہی ہے لیکن زیادہ امکان ہے کہ انہیں آرام دیا جائے گا، حتمی اعلان آج میچ سے قبل کیا جائے گا جبکہ رضوان کو آرام دینے کی صورت میں محمد حارث ان کی جگہ لیں گے۔

ذرائع کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کمر کی تکلیف سے چھٹکارا نہیں پا سکے ان کی کمر کی تکلیف کا آج پھر جائزہ لیا جائے گا، جائزے کے بعد محمد رضوان کو کھلانے یا نہ کھلانے کا فیصلہ ہو گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی تکلیف سنجیدہ نوعیت کی نہیں ہے لیکن ان کو احتیاطی طور پر آرام دیا جا سکتا ہے۔