نیوزی لینڈ کیخلاف میچ نہ جتوانے پر افتخار احمد کی قوم سے معذرت

Published On 18 April,2023 12:10 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد نے نیوزی لینڈ سے شکست پر قوم سے معافی مانگ لی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 میں پاکستان کو جیت کے قریب لانے والے بیٹر افتخار احمد کا کہنا ہے کہ میں سب پاکستانیوں سے معذرت کرتا ہوں، ہم نے بہت کوشش کی، میچ نہ جیتنے کا بہت زیادہ افسوس ہوا ہے، ہم یہ میچ جیت سکتے تھے لیکن نہیں جیت سکے اس کے لیے معذرت۔

انہوں نے کہا کہ دائیں اور بائیں ہاتھ کے کمبی نیشن کی وجہ سے پلان کیا تھا اور اسی وجہ سے نمبر بھی تبدیل کیا گیا۔

افتخار احمد کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں پریشر تو ہمیشہ ہوتا ہے لیکن میں نے اور فہیم اشرف نے چیزوں کو سادہ رکھنے کی کوشش کی، ہم نے یہی پلان کیا ہوا تھا کہ ہم نے اوسط کو نہیں دیکھنا، صرف باؤنڈریز لگانا تھیں اور اسی سے ہم میچ جیت سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ 16،15،14 کی اوسط کو دیکھتے ہیں تو پھر کام مشکل ہو جاتا ہے، جب ہم بیٹنگ کر رہے تھے وہ ایک مشکل وقت تھا، فہیم اشرف نے جب دو چھکے مارے تو اس وقت میں نے محسوس کیا کہ ہم جیت سکتے ہیں، جب اوسط زیادہ ہو تو پھر دونوں طرف سے رنز کرنا پڑتے ہیں بس بیڈ لک رہی کہ جیت نہ سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ آخر میں جب نسیم شاہ میرے ساتھ تھے تو میرا یہی پلان تھا کہ اب میں نے ہی فنش کرنا ہے، نسیم باؤلر ہیں اور فنش بیٹر کو کرنا ہوتا ہے، باؤلر پر انحصار نہیں کر سکتے، پریشر میچز بیٹرز کے لیے ہوتے ہیں، بیٹر کھڑا ہو تو اس کو ذمہ داری لینا پڑتی ہے ، میں نے ذمہ داری لی اور شاٹ کھیلی۔

افتخار احمد نے مزید کہا کہ میدان میں لوگ جو آوازیں لگا رہے تھے یہ لوگوں کی محبت ہے، جس پر لوگ خوش ہیں اس پر ہم بھی خوش ہیں کیونکہ ہم لوگوں کی خوشی کے لیے کھیل رہے ہیں، میں نے کبھی نہیں سوچا کہ سٹیڈیم میں مجھے کیوں آوازیں لگائی جاتی ہیں، جس نام سے پکارا جاتا ہے اس سے مجھے کچھ محسوس نہیں ہوتا میں خود بھی انجوائے کرتا ہوں۔

پاکستانی بیٹر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ انٹرنیشنل لیول کی ٹیم ہے ان کی باؤلنگ اچھی ہے ،وہ آسان ٹیم نہیں ،ہم نے جیتنے کی بہت کوشش کی۔

افتخار احمد نے مزید کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان اوپر سے رنز کر رہے ہیں وہ جلد آؤٹ ہوگئے تو پھر مشکل ہو گئی، میچ نیوزی لینڈ کی طرف جا رہا تھا لیکن پھر بھی ہم نے کوشش کی، جیت سکتے تھے مگر ممکن نہ ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح کا ہمارا کمبی نیشن ہے ہم سیریز جیت جائیں گے، ہمارے باؤلرز اور بیٹرز فارم میں ہیں، مشکل نہیں ہو گی، ہم جیت جائیں گے۔