کراچی: (ویب ڈیسک) سابق کپتان اور سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ایشیا کپ میں بھارت کے پاکستان آنے کے انکار اور ہائبرڈ ماڈل کی تجویز بھی مسترد کرنے پر بھارت پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران ایشیا کپ کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے شاہد آفریدی نے کہا کہ پی سی بی ایشیا کپ کے حوالے سے اور کیا کرسکتا ہے، پی سی بی نے ہمیشہ ہر بورڈ کو سپورٹ کیا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش ، سری لنکا افغانستان بورڈ کو سپورٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جماعت شیوسینا کے صدر اور بانی بال ٹھاکرے ہمیں بھارت سے دھمکیاں دیتے تھے لیکن اس سب کے باوجود پاکستان حکومت نے ٹیم کو بھیجنے سے انکار نہیں کیا اور پاکستان ٹیم بھارت گئی۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم مودی سے کوئی اچھی امید نہیں رکھی جاسکتی اور جے شاہ مودی کو خوش کرنے کیلئے ایسی حرکتیں کرتے ہیں لیکن میں ہمیشہ کہتاہوں کہ کرکٹ کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔