کراچی: (دنیا نیوز) گورنرسندھ کامران ٹیسوری سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کی ملاقات ہوئی جس میں کرکٹ کے فروغ، نوجوان کرکٹرز کی تربیت اور حکومتی اقدامات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کے شہری کرکٹ سے جنون کی حد تک لگاؤ رکھتے ہیں، شہر میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر شائقین کی خوشی دیدنی تھی، پاکستانی نوجوان باصلاحیت اور ہر شعبہ میں کچھ کرنے کا جنون رکھتے ہیں۔
گورنر کا کہنا تھا کہ ان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، شہر میں نوجوان کرکٹرز کیلئے مختلف اکیڈمیز کام کر رہی ہیں، شہر کی اکیڈمی میں نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ اس شہر نے محمد برادران، جاوید میاں داد سمیت کئی عالمی معیار کے کھلاڑی مہیا کیے ہیں، صوبہ میں کرکٹ کو فروغ دینا میرا مشن بھی ہے، کرکٹ کے فروغ کیلئے میری خدمات ہر وقت حاضر ہیں۔
سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ گورنرسندھ کی کرکٹ کے کھیل میں دلچسپی خوش آئند ہے، کرکٹ کے فروغ کیلئے گورنرسندھ کا تعاون شاندار ہے۔