کولمبو: (دنیا نیوز) پاکستان روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ایمرجنگ ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا، پاکستان شاہینز نے اپنی مخالف ٹیم بھارت اے کو 353 رنز کے تعاقب میں 224 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
پاکستان اے اور بھارت اے ٹیم کے درمیان ایمرجنگ ایشیا کپ کا فائنل میچ کولمبو میں کھیلا گیا، بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے۔
— AsianCricketCouncil (@ACCMedia1) July 23, 2023
پاکستان شاہینوں نے بہترین انداز میں بلے بازی کا آغاز کیا، اوپنر بیٹر صائم ایوب نے 51 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 62 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
اوپنر بلے بازوں کے بعد طیب طاہر نے بھی کیرئیر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے سنچری بنا ڈالی، انہوں نے 71 گیندوں پر 4 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 108 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) July 23, 2023
دیگر کھلاڑیوں میں عمیر یوسف اور مبصر خان نے 35، 35، محمد وسیم جونیئر نے 17 اور مہران ممتاز نے 13 رنز کی اننگز کھیلی، شاہینز نے روایتی حریف بھارت کو مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز کا ہدف دے دیا۔
بھارت کی جانب سے ہنگر گیکر اور ریان پراگ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہرشت رانا، نشانت سندھو اور مانو کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) July 23, 2023
بھارتی ٹیم کی جانب سے 353 رنز کے ہدف کے جواب میں اچھی بیٹنگ کا آغاز نہ ہوا ان کی پہلی وکٹ 64 کے مجموعی سکور پر گر گئی، ابھیشک نے ذمہ دارانہ بلے بازی کی لیکن ان کا ساتھ دینے کیلئے کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر کریز پر موجود نہ رہا، اوپنر ابھیشک 61 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
نیکن جوزے 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یش دھل کی باری 39 سکور پر ختم ہوئی،دیگر کھلاڑیوں میں نیشانت سندھو 10، جوریل 9، ریان پراگ 14، ہرشت رانا 13 ، راج وردھن 11 بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی طرف سے سفیان مقیم نے 3 ، مہران ممتاز، ارشد اقبال اور محمد وسیم نے 2، 2 اور مبشر خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) July 23, 2023
ٹونارمنٹ میں پاکستان نے پہلے میچ میں نیپال کو 4 وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 184 رنز سے ہرایا، پاکستان شاہینز کو تیسرے میچ میں بھارت سے شکست ہوئی جبکہ سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے سری لنکا اے کو 60 رنز سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔