کولمبو: (ویب ڈیسک) پاکستان شاہینز کے کپتان محمد حارث نے ایمرجنگ ایشیا کپ کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے کوچنگ سٹاف کی محنت اور ٹیم اسپرٹ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان شاہینز نے فائنل میں انڈیا اے کو 128 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا ہے، پاکستان شاہینز ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرنے کے بعد آج سری لنکا سے وطن واپس روانہ ہوگی۔
کپتان محمد حارث نے پی سی بی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائنل میں انڈیا اے کو شکست دینے کے بعد ہم سب بہت پرجوش ہیں، اچھی بات یہ ہے کہ سینئر ٹیم یہاں ہے اور وہ بھی جیت کا جشن ہمارے ساتھ منا رہی ہے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) July 24, 2023
انہوں نے کہا کہ جب ہم گروپ مرحلے میں انڈیا اے کے خلاف ہار گئے، تو اس نے ہمیں اچھی ویک اپ کال دی اور ہار سے ہمیشہ بہت اچھا سبق ملتا ہے، ہمیں یقین تھا کہ اگر ہم غلطیوں سے سبق سیکھیں گے تو فائنل میں انڈیا اے کو شکست دیں گے۔
حارث نے کہا کہ کھلاڑیوں نے غیر معمولی جواب دیا کیونکہ ہم نے ٹورنامنٹ میں مختلف کمبی نیشن آزمائے، ہم نے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دینے کی کوشش کی اور اس سے ٹیم کو آخر میں اچھی کارکردگی میں مدد ملی۔