سلیکشن کمیٹی کا ورلڈ کپ کیلئے 18 کے بجائے 15 کھلاڑیوں کے سکواڈ پر اتفاق

Published On 30 August,2023 08:54 am

ملتان: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ کپ 2023ء کیلئے 18 کے بجائے 15 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرنے پر اتفاق کر لیا۔

ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ 2023ء کیلئے قومی سکواڈ فائنل کرنے کیلئے سلیکشن کمیٹی کی ملتان میں اہم بیٹھک ہوئی، بیٹھک میں چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کپتان بابر اعظم، ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن سے مختلف ناموں پر مشاورت کی جس کے بعد کپتان بابر اعظم نے چیف سیلکٹر کو اپنی رائے سے آگاہ کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طیب طاہر اور محمد وسیم جونئیر کو قومی سکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے جبکہ اسامہ میر کیلئے بھی 15 رکنی سکواڈ میں جگہ بنانی مشکل ہے، اسامہ میر کو شاداب خان کے بیک اپ کے طور پر ریزرو پول میں رکھا جاسکتا ہے جبکہ طیب طاہر اور محمد وسیم جونئیر بھی ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہو سکتے ہیں۔

کرکٹ ورلڈکپ 2023ء کیلئے ممکنہ سکواڈ کا اعلان 5 ستمبر سے پہلے کسی بھی دن کردیا جائے گا، ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ ایشیا کپ سے ملتا جلتا ہی ہوگا، ایشیا کپ کے بعد اگر سکواڈ میں تبدیلی کی ضرورت پڑی تو مشاورت سے کی جائے گی۔

دوسری جانب آئی سی سی نے کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کیلئے ابتدائی سکواڈ کے اعلان کرنے کی آخری تاریخ 5 ستمبر مقرر کر رکھی ہے، تمام ٹیمیں 28 ستمبر تک اپنے حتمی سکواڈ کا اعلان کرنے کی مجاز ہیں۔

اب تک آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں اپنے ابتدائی سکواڈ کا اعلان کرچکی ہیں جبکہ بھارت، افغانستان، نیوزی لینڈ، سری لنکا، جنوی افریقہ، بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز کی ٹیموں نے ابھی سکواڈ کا اعلان کرنا ہے۔