ملتان : (دنیانیوز) ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے جارحانہ بیٹنگ اور باؤلنگ کرتے ہوئے نیپال کی کرکٹ ٹیم کو 238 رنز سے شکست دیدی۔
15 سال بعد پاکستان میں ایشیا کپ کا میلہ سج گیا ، ملتان میں ہونیوالے پہلے میچ میں پاکستان نے نیپال کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر342 رنز بنائے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 30, 2023
پاکستان کی جانب سے اوپنر فخر زمان ایک مرتبہ پھر کوئی خاطر خواہ رنز بنانے میں ناکام رہے وہ محض 14 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے ،امام الحق اور آغا سلمان5،5 ، شاداب خان 4 رنز جبکہ محمد رضوان 44 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان بابراعظم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ افتخار احمد 109 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ساری ٹیم 104 رنز پر ڈھیر ہو گئی، نیپال کی جانب سے سومپال کامی 28 اور عارف شیخ 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 30, 2023
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 4 ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں، قومی ٹیم اپنا اگلا میچ 2 ستمبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 30, 2023
قبل ازیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میچ کی پوری تیاری ہے ، پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے، ہم اپنی کرکٹ انجوائے کریں گے، ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔
اس موقع پر نیپال کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم پہلی مرتبہ ایشیا کپ کھیل رہے ہیں۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 30, 2023
واضح رہے کہ ایشیا کرکٹ کپ 30 اگست سے 17 ستمبر تک پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ میں شامل 6 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور نیپال کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہو گا جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں میں جوڑ پڑے گا، گروپ سٹیج میں ہر ٹیم 2،2 میچ کھیلے گی۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 30, 2023
دونوں گروپس کی پہلے 2 نمبرز پر آنے والی ٹیمیں ٹاپ 4 کیلئے کوالیفائی کر جائیں گی، فائنل ٹاکرا سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان 17 ستمبر کو کولمبو میں ہو گا، گروپ سٹیج میں روایتی حریف پاک بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو کینڈی میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان 10 ستمبر کو ٹاپ فور میں بھی ٹاکرا ہونے کا قوی امکان ہے۔